Sunday, June 18, 2023

ٹیکنالوجی کی ضرورت بن جایئے




ٹیکنالوجی کی ضرورت بن جایئے

تحریر:عظیم عارضؔ


ٹیکنالوجی کی ضرورت بن جایئے









ایک زمانہ تھا جب انسان سواری کے لیے جانوروں گدھے ، خچر، گھوڑے اور ہاتھی   کااستعمال کرتا تھا، پھر انسان نے پہیہ ایجاد کر لیا



اور جیسے جیسے پہیہ گھومتا رہا سفری ذرائع میں ترقی ہوتی چلی گئی، کسی ایک آدمی کے منھ سے بھی یہ جملے سننے کو نہیں ملے کہ ہمیں تو گدھے، گھوڑوں کی ہی عادت ہے اب کون گاڑی چلانا سیکھے،



پُرانی گاڑی کے بعد نئی گاڑی نئی کے بعد مزید نئی  وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں میں بھی جدت آتی رہی سیکھتے گئے چلاتے گئے آگے بڑھتے گئے، زمانہ قدیم میں حساب کتاب پتھروں کے ذریعے کیا جاتا تھا، وقت مقرر 

کرنے کے لیے سورج  (یعنی دھوپ اور سائے )سے استفادہ کیا جاتا تھا ۔



بڑے بڑے اشتہارات مصور(پینٹر) ہاتھ سے بناتے تھے جن کے لیے کافی وقت درکار ہوتا تھا پھر ٹیکنالوجی نے ترقی کی توکیلکیولیٹراور کمپیوٹر (حساب کنندہ) ایجاد ہو گئے


پھر کمپیوٹر میں بھی مزید ترقی ہوتی رہی مصوروں کا کام بھی کمپیوٹر سے لیا جانے لگاجو کام کئی دنوں میں ہوتا تھا منٹوں میں ہونے لگا کسی نے نہیں کہا کہ اب یہ کمپیوٹر کون سیکھے یہ تو بہت مشکل ہے ہمیں تو پتھروں کی ہی عادت ہے، ہاتھوں میں محمول( موبائل)آ گئے




ایک دوسرے سے پوچھ پوچھ کر اس کا استعمال سیکھا انگریزی نہیں آتی تھی تو رَومن کا سہارا لیا مگر یہ نہیں کہا کہ ہمیں تو خطوط ہی کی عاد ت ہے ہمیں تو ٹیلی فون کی ہی عادت ہے یہ محمول کون چلائے اور اب کمپیوٹر اور محمول کی ترقی کے ساتھ  ساتھ اس میں اپنی قومی زبان جو ہماری پہچان ہے اس کی باری آئی تو اب کہا جاتا ہے کہ اُردُوٹائپنگ کون سیکھے رَومن سے کام چل رہا ہے نا،  حضرت !کام تو گدھے ، گھوڑوں سے بھی چل رہا تھا، پتھروں سے بھی چل رہا تھا، رَومن سے بھی چل رہا ہے مگر کیا مقصد صرف کام چلانا ہی ہوتا ہے یا کام کو احسن طریقے سے انجام دے کر اُس سے بہتر فوائداورنتائج حاصل کرنا ہوتا ہے ٹیکنالوجی ہماری دسترس میں ہے ٹیکنالوجی کو اپنی ضرورت بنانے سے بہتر ہے خود اس کی ضرورت بن جائیے اور یہ تب ہو گا جب آپ اس سے اپنی زبان میں بات کریں  مقصد ہر گز یہ نہیں ہے کہ آپ دوسری زبان نہ سیکھیں ہر زبان سیکھیں جو سیکھنا چاہتے ہیں جو ضروری ہے لیکن اپنی زبان کو لازمی ترجیح دیں   اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے تو اب یہ کام بھی بہت آسان کردیا ہے کہ آپ اپنی زبان بول کر بھی لکھ سکتے ہیں (وائس ٹائپنگ)  اپنی زبان میں لکھ کر کمپیوٹر سے بُلوابھی سکتے ہیں  (ٹی ٹی ایس)  کیوں کہ جب آپ کی زبان ٹیکنالوجی کی ضرورت بنے گی تو آپ خودبخود ٹیکنالوجی کی ضرورت بن جائیں گے ۔ 

Labels: